حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر نجف آباد میں واقع مدرسہ علمیہ "ام الائمہ (ع)" میں منعقدہ ایک خصوصی قرآنی ورکشاپ میں مدرس و محقق حجت الاسلام والمسلمین سعید رہائی نے ازدواجی زندگی اور فیملی کے موضوع پر آیات قرآن کی تفسیر کرتے ہوئے "سکون" کو ازدواج کا بنیادی مقصد قرار دیا۔
مدرسہ علمیہ "ام الائمہ" نجف آباد میں منعقدہ ورکشاپ میں حجت الاسلام رہائی نے "قرآن اور فیملی" کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے "روش استنطاقی" یعنی قرآن سے سوالات پوچھنے اور انہی آیات میں ان کے جوابات تلاش کرنے کے طریقے کو اپنایا۔
انہوں نے کہا کہ اس طریقے سے محققین کو قرآن کے مختلف موضوعات پر سوالات کے ذریعے قرآن کی گہرائی میں جا کر مفاہیم اور تعلیمات کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے سورہ روم کی آیت 21 کی تفسیر کرتے ہوئے کہا: "ازدواج کا بنیادی مقصد سکون کا حصول ہے، جسے مودت (دوستی اور تعاون) اور رحمت (بے لوث محبت) کے ذریعے ممکن بنایا جا سکتا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ مرد و عورت کی انسانیت میں برابری ایک اہم موضوع ہے، جو ایک مستحکم اور اچھی فیملی کی تشکیل کے لیے ضروری ہے۔
یہ ورکشاپ، جو پانچ سیشنز پر مشتمل ہے اور ہر ہفتے ہفتہ کے دن منعقد ہوتی ہے، طلبہ اور قرآنی موضوعات میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ قرآن میں خواتین اور خاندان کے مقام کو نئے زاویے سے سمجھ سکیں۔